میانمار،2؍ نومبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)میانمار میں حکمران جماعت کی سربراہ اور نوبل امن انعام یافتہ رہنما آنگ سان سوچی نے بحران زدہ ملکی ریاست راکھین کا دورہ کیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ’اسٹیٹ قونصلر‘ کہلانے والی سوچی ملک کی اس شمالی ریاست کے بحران زدہ حصے میں گئی ہیں۔ آج جمعرات دو نومبر کے روز سوچی ریاستی دارالحکومت سِتوے پہنچنے کے بعد اس علاقے میں گئیں، جہاں روہنگیا اقلیتی مسلمانوں کے کئی دیہات واقع ہیں۔ میانمار کی حکومت کے مطابق راکھین سے گزشتہ مہینوں کے دوران بدامنی سے فرار ہو کر مہاجر بن جانے والے لاکھوں روہنگیا باشندوں کی واپسی کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ پچیس اگست سے اب تک راکھین سے نکل کر صرف بنگلہ دیش میں پناہ لینے والے روہنگیا مہاجرین کی تعداد چھ لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے۔